نوکیا کا 3310 فون فروخت کے لیے بازار میں دستیاب

نوکیا کا 3310 فون فروخت کے لیے بازار میں دستیاب

نیویارک:موبائل فون بنانے والی کمپنی نوکیا کا پرانا فون 3310 جو کسی وقت کافی مقبول ہوا کرتا تھا ایک بار پھر سے سمارٹ فون کے اس زمانے میں عوام کے لیے بازار میں آگیا ہے۔

پہلی بار یہ فون سنہ 2000 میں بازار میں آیا تھا اور اپنی ابتدا کے تقریبا 17 برس بعد یہ فون پھر سے بازار میں فروخت ہونے لگا ہے۔یہ فون دو میگا پکسل کیمرہ کے ساتھ ساتھ ڈھائی جی کنیکٹیوٹی نظام سے بھی لیس ہے جس کی مدد سے محدود پیمانے پر انٹرنیٹ کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔برطانیہ میں اس فون کی قیمت تقریبا 50 برطانوی پاونڈ(تقریباً 6800 روپے )کے آس پاس ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ اس فون کی بیٹری بہت مضبوط ہے اور اس کی مدد سے 22 گھنٹے تک بات کی جا سکتی ہے جبکہ فون استعمال نہ کرنے کی صورت میں تقریبا ایک ماہ تک بیٹری چل سکتی ہے۔

ٹیکنالوجی کنسلٹینٹ کمپنی سی سی ایس سے وابستہ بین وڈ کا کہناتھاکہ میرے جیسے شخص کے لیے یہ بہت ہی دلچسپ دن ہے۔ لیکن اگر آپ اسے کسی ایسے نوجوان کے ہاتھ میں دیں جو سنیپ چیٹ کا عادی ہو تو ظاہر ہے اس کے لیے یہ بالکل بیکار فون ہوگا۔بین کا مزید کہنا تھاکہ برطانیہ میں 20 لاکھ سے زیادہ فون استعمال ہوتے ہیں جن میں سے تقریبا 10 لاکھ فیچر فون، یا اگر آپ کہنا چاہیں، تو انھیں احمق قسم کے فون کہہ سکتے ہیں۔ تواب بھی اس کا اچھا خاصہ بازار ہے۔ یہ بالکل ابتدائی ورڑن کا فون ہے اور اب سوال یہ ہے کہ اس کے لیے لوگ کتنی حد تک رقم خرچ کر سکتے ہیں۔