بیٹیوں نے میری قسمت بدل دی ہے، شاہد آفریدی

بیٹیوں نے میری قسمت بدل دی ہے، شاہد آفریدی

کراچی: نجی ٹی وی کے  پروگرام میں جب شاہد خان آفریدی سے سوال کیا کہ آپ کی چار بیٹیاں ہیں کبھی ایسا ہوا کہ بیٹے کی پیدائش کے لیے دعائیں یا منتیں مانگی ہوں؟۔

اس سوال پر جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمارے پختون معاشرے میں بیٹوں کا رواج بہت زیادہ ہے لیکن آپ یقین کریں کہ میرے دل و دماغ میں بیٹے کی ذرا سی بھی خواہش پیدا نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کے حوالے سے احادیث مبارکہ بھی موجود ہیں میں سمجھتا ہوں کہ میری ہر بیٹی کے ساتھ مجھے کھلی آنکھوں سے ایسا نظر آیا جیسے میری قسمت بدل رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے جتنے بھی دوست ہیں جن کی نئی شادیاں ہوتی ہیں ان کے لیے میر ی ہی دعا ہوتی ہے کہ پہلی اولاد بیٹی ہی ہو۔

رواں سال 20 فروری کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے اختتام پر بوم بوم آفریدی نے پریس کانفرس کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

شاہد آفریدی نے 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ بوم بوم آفریدی نے 5 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی بدولت ٹیسٹ کیرئیر میں 36.51 کی اوسط سے ایک ہزار 176 رنز بنائے اور 48 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اسی طرح آفریدی نے 398 ایک روزہ میچز میں 6 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 64 رنز بنائے اور 395 وکٹیں بھی لینے میں کامیاب رہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شاہد آفریدی نے 98 میچز کھیل کر 18.01 کی اوسط سے ایک ہزار 405 رنز بنائے اور 97 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں