مجھے نقصان پہنچانے کی آڑ میں ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے: وزیراعظم

مجھے نقصان پہنچانے کی آڑ میں ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے: وزیراعظم

ساہیوال: وزیراعظم نواز شریف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 22 ماہ میں اتنا بڑا منصوبہ مکمل کرنا بہت غیر معمولی کام ہے جو چین اور پاکستان کے انجینیرز کے لیے یہ بہت بڑی کامیابی ہے جبکہ سی پیک پر عملدرآمد یقینی بنانے میں چینی سفیر کا کردار قابل تعریف ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا پنجاب یا ملک میں کوئلے کا یہ واحد منصوبہ نہیں بھکھی پاور پلانٹ کا بھی کچھ عرصے پہلے افتتاح کیا گیا۔ اقتدار میں آئے تو تین بڑے چیلنجز کا سامنا تھا لوڈشیڈنگ، دہشتگردی اور ملک معاشی بدحالی کا شکار تھا لیکن اب اللہ کے فضل سے دہشتگردی ختم ہو رہی ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ ملک میں بجلی کی قلت کافی حد تک کم ہو گئی ہے اور معاشی حوالے سے بھی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا 2019 کے آغاز پر 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرینگے اور صرف بجلی کی فراہمی نہیں اس کے نرخ بھی کم کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا سی پیک پاکستان میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس بڑے منصوبے کے تحت پاکستان میں 56 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا جا رہا ہے جبکہ ملتان لاہور موٹروے آئندہ سال مکمل کر لی جائے گی اس کے علاوہ ملتان سے موٹروے کو کراچی تک جوڑا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں'ماضی کی حکومتوں نے توانائی منصوبوں کے نام پر قوم کے اربوں روپے ڈبوئے'

وزیراعظم نے کہا افسوس ہے کہ یہاں لوگ منصوبوں کا پیسا کھا جاتے ہیں ماضی کی حکومتوں نے یہی کیا جس کی وجہ سے ملک اندھیروں میں ڈوب گیا اور بجلی کے منصوبے کرپشن کی نظر ہو گئے۔ 9991 میں بننے والی موٹروے 21 ارب روپے میں بنی تھی اور ہمارے جانے کے بعد اسلام آباد موٹروے کو کسی نے نہیں پوچھا جبکہ آج 21 ارب کی اسلام آباد موٹروے کی قدر 350 ارب ہو چکی ہے۔

نواز شریف نے اپنے خطاب میں مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا آج لوگ بہتان بازی کرتے ہیں خدانخواستہ ہماری حکومت کرپٹ ہوتی تو کیا یہ منصوبے اس طرح بنتے اور یہ سب منصوبے میری ذات کے لیے نہیں پاکستانی قوم کیلئے ہیں جبکہ منصوبوں کا فائدہ پاکستان کے مزدوروں، نوجوانوں، شہر اور گاؤں کے لوگوں کو ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: جے آئی ٹی نے حسین نواز کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

وزیراعظم نے کہا ہمارے پاس لوگوں کے الزامات کا جواب دینے کا وقت نہیں ہے اور ہم انکے رویے سے اپنے کام کو بند کرنیوالے نہیں اور تیزی سے بڑھائیں گے جبکہ مخالفین مجھے نقصان پہنچانے کی آڑ میں ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں جب یہ سارے منصوبے مکمل ہونگے تو لوگوں کو خود یقین آ جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستانی اور چینی اسٹاف کو ایک مہینے کا بونس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان کو اب ایشین ٹائیگر بننے سے کوئی نہیں روک سکتا اور چند سالوں میں پاکستان اس خطے کی اہم طاقت بن جائے گا۔

واضح رہے آج وزیر اعظم نے سی پیک کے تحت پاکستان میں مکمل ہونے والے پہلے منصوبے ساہیوال کول پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا اور اس منصوبے سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں