پی سی بی کا سالانہ اجلاس ، نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی بنانے کی قرارداد منظور

پی سی بی کا سالانہ اجلاس ، نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی بنانے کی قرارداد منظور

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ اجلاس میں نجم سیٹھی کو شہریار خان کے بعد نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی.تفصیلات کے مطابق لاہور میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی زیر صدارت پی سی بی کا سالانہ اجلاس ہوا جس میں قرارداد منظور کی گئی کہ پی سی بی کا اگلا چئیرمین نجم سیٹھی کو بنایا جائے ۔ اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ موجودہ چیئرمین شہریار خان کے عہدے کی معیاد اگست میں ختم ہورہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی کی بورڈ آف گورنرز میٹنگ میں اگلے چیئرمین کے انتخاب کے لئے بی او جی کے اجلاس کی تاریخ طے ہو گی جس میں بورڈ آف گورنرز کے آٹھ اور وزیر اعظم کے دو نامزد اراکین میں سے چیئرمین پی سی بی کے لیے انتخاب ہوگا۔اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کیلیے نجم سیٹھی کی خدمات پرانہیں پرائڈ آف پرفارمنس دینے کی بھی قرارداد بھی منظورکی گئی۔

سالانہ میٹنگ میں ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسرسبحان احمد کے علاوہ پاکستان کے تمام ریجنزاورڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ آڈٹ رپورٹ، قومی سینئر، جونیئر اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کیلیے فیوچر ٹور پروگرام بھی پیش کئے گئے جبکہ ایسوسی ایشن کے الحاق کی درخواستوں پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں نجم سیٹھی کے خلاف قرارداد جمع کروائی جس میں تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کا چیئرمین نہ بنایا جائے اور ساتھ ہی انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ نجم سیٹھی سے پی ایس ایل کی سربراہی بھی واپس لے لی جائے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں