”سام سنگ ایس 8“ کی آئرس سکیورٹی کو دھوکہ دینا ممکن ہے

”سام سنگ ایس 8“ کی آئرس سکیورٹی کو دھوکہ دینا ممکن ہے

سیﺅل:سام سنگ گلیکسی ایس8 میں استعمال ہونے والی ”آئی سکیننگ ٹیکنالوجی“ یعنی آنکھ کی پتلی کے سکین سے کھلنے والے تالے کی ٹیکنالوجی کو دھوکہ دینا ممکن ہے۔
سام سنگ کا کہنا ہے کہ فون کو کھولنے کیلئے آئرس سکینر ٹیکنالوجی ”ایئر ٹائٹ سکیورٹی“ فراہم کرتی ہے یعنی وہ انتہائی محفوظ ہے۔ لیکن مدر بورڈ نامی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ کیوس کمپیوٹر کلب کے محققین نے آنکھ کی ایک تصویر سے سام سنگ کی سکیورٹی کو با آسانی دھوکہ دے دیا۔

محققین نے پہلے ایس 8 کے آئرس سکینر میں ایک شخص کی آنکھ کو رجسٹر کر کے فون کی سکیورٹی قائم کی۔ پھر ایک ڈیجیٹل کیمرے میں انفرا ریڈ نائٹ وژن کی سیٹنگ کے ساتھ رضاکاروں میں سے ایک کی آنکھ کی تصویر لی اور پھر اس تصویر کا پرنٹ لے کر محققین نے اس پر کنٹیکٹ لینز رکھا۔
محققین کی ٹیم نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں یہ دکھایا گیا ہے کہ ایس 8 سمارٹ فون کس طرح غلط آنکھ کے سامنے آنے سے کھل جاتا ہے۔ سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ آئرس سکیننگ ٹیکنالوجی کا سکیورٹی کے لحاظ سے سخت تجربہ کیا گیا ہے تاکہ اس کی سکیورٹی کو توڑنے کی تمام تر کوششیں ناکام رہیں۔
کمپنی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اگر اس ٹیکنالوجی میں کوئی خامی ہے یا پھر اسے توڑنے کا کوئی نیا طریقہ ہے تو کمپنی ایس 8 کی سیکیورٹی کو محفوظ بنانے کیلئے جلد ہی اقدام کرے گی۔