مریم نواز آج دوسرے روز ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنا بیان قلمبند کرارہی ہیں

مریم نواز آج دوسرے روز ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنا بیان قلمبند کرارہی ہیں
کیپشن: مریم نواز نے عدالت کی جانب سے پوچھے جانے والے 128 سوالات میں سے 46 کے جواب تحریری شکل میں پڑھ کر سنائے تھ...فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آج بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں دوسرے دن اپنا بیان قلمبند کرارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں۔گزشتہ روز سماعت کے دوران مریم نواز نے عدالت کی جانب سے پوچھے جانے والے 128 سوالات میں سے 46 کے جواب تحریری شکل میں پڑھ کر سنائے تھے۔

مریم نواز نے جے آئی ٹی اور جے آئی ٹی رپورٹ کو نامناسب قرار دیا تھا اور اسے ناقابل شہادت بھی کہا تھا۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے پانامہ کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔


نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں تین ضمنی ریفرنسز بھی دائر کیے گئے ہیں جن میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیا گیا ہے۔