اگر کوئی سیاستدان بھارتی ہم منصب سے ملکر کتاب لکھتا تو 'غدار' کہلاتا، ربانی

اگر کوئی سیاستدان بھارتی ہم منصب سے ملکر کتاب لکھتا تو 'غدار' کہلاتا، ربانی
کیپشن: کسی سویلین یا سیاستدان نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو اس پر \'غدار\' کا فتویٰ لگا دیا جاتا۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے پاکستان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے دو سابق سربراہوں کی کتاب 'دی سپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس' کی اشاعت پر  تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ کتاب کسی سویلین یا سیاستدان نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو اس پر 'غدار' کا فتویٰ لگا دیا جاتا۔

سینیٹ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ حیرت ہے کہ ایک طرف بھارت اور پاکستان کے تعلقات خراب ترین سطح پر ہیں اور دوسری طرف دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے سابق سربراہوں کی کتاب کی رونمائی ہے۔

مزید پڑھیں: فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا بل قومی اسمبلی کے بعد سینٹ سے بھی منظور

پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ مذکورہ کتاب پاکستانی خفیہ ایجنسی انٹرسروسز انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی اور بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دلت نے مل کر لکھی ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے مزید کہا کہ اگر یہ کتاب کسی سویلین یا سیاستدان نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو آسمان سر پر اٹھا لیا جاتا اور کتاب لکھنے والے سیاستدان پر غدار کے فتوے لگ رہے ہوتے۔

واضح رہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے سابق 'را' چیف اے ایس دلت کے ساتھ مل کر لکھی گئی کتاب 'دی سپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس' میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم معاملات پر بات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی وی چینلز پر 5 وقت اذان نشر کرنے کا حکم معطل کر دیا گیا

کتاب میں جن معاملات پر روشنی ڈالی گئی اُن میں کارگل آپریشن، ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کا اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا آپریشن، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں