فیس بک کا زیادہ استعمال ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے، طبی تحقیق

Excessive use of Facebook affects mental health, medical research
کیپشن: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کے طبی ماہرین نے اپنی تحقیق میں کہا ہے کہ فیس بک کا زیادہ استعمال ناصرف ذہنی بلکہ جسمانی صحت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اگر سوشل میڈیا صارفین چاہتے ہیں کہ ان کی صحت برقرار رہے تو انھیں اس سے دوری اختیار کرنا ہوگی۔

یہ تحقیق امریکی جامعات سٹینفورڈ اور نیویارک کے سائنسدانوں نے کی ہے۔ اس تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی تھی کہ سوشل میڈیا سائٹس انسانی صحت پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہیں۔

امریکی سائنسدانوں نے اپنی اس تحقیق میں انسانی ذہن پر پڑنے والے سوشل میڈیا کے اثرات کا جائزہ لیا۔

سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں ثابت کیا ہے کہ حتی الامکان کوشش کی جائے کہ فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا سائٹس سے جتنا ہو سکے دور رہا جائے کیونکہ ان کے استعمال سے انسانی ذہن پر بڑے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال ترک یا کم کرنے سے ناصرف انسانی دماغ میں کام کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے بلکہ جسم بھی دیگر امور کی انجام دہی اچھے طریقے سے کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔

اکثر دیکھا گیا ہے کہ فیس بک کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد کو سر درد کی شکایت رہتی ہے جبکہ ان پر مایوسی کا غلبہ بھی طاری رہتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جو افراد سوشل میڈیا کو ترک کر دیتے ہیں، ان کی سماجی سرگرمیاں بہتر ہو جاتی ہیں۔

فیس بک ترک کرنے والے افراد اپنے قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور عزیزوں کیساتھ دوبارہ وقت گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔