پی ٹی اے نے 19 کمپنیوں کو پاکستان میں موبائل فونز تیار کرنے کی اجازت دیدی

پی ٹی اے نے 19 کمپنیوں کو پاکستان میں موبائل فونز تیار کرنے کی اجازت دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری کیلئے 19 کمپنیوں کو اجازت دیدی ہے جس کے باعث پاکستانیوں کو بھی سستے سمارٹ فونز مل سکیں گے۔ 
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو ابتدائی طور پر اگلے 10 سالوں کیلئے پاکستان میں موبائل فونز تیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے تحت وہ 2 جی، 3 جی اور 4 جی سمارٹ فونز تیار کریں گی۔ 
پی ٹی اے کے مطابق مینوفیکچررز اپنے برانڈز بھی تشکیل دے سکیں گے جو پاکستان میں تیار ثقافت کو فروغ دیں گے جبکہ مذکورہ کمپنیوں کے تیار کردہ موبائل فونز ناصرف پاکستان میں فروخت کئے جائیں گے بلکہ انہیں بیرون ملک برآمد بھی کیا جا سکے گا جس سے پاکستان کے ذرمبادلہ میں اضافہ ہو گا۔ 
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع تو پیدا ہوں گے ہی مگر اس کیساتھ ہی پاکستانیوں کو کم قیمت سمارٹ فونز کی دستیابی میں بھی خاصے معاون ثابت ہوں گے۔