انور علی کورونا وائرس میں مبتلا، پی ایس ایل 6 سے باہر ہو گئے

انور علی کورونا وائرس میں مبتلا، پی ایس ایل 6 سے باہر ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم کے لیگ سے باہر ہونے کے بعد آل راؤنڈر انور علی بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کی راہ میں رکاوٹیں حائل ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اس مرتبہ پی ایس ایل فرنچائزز پریشانی سے دوچار ہیں جن کے کھلاڑی کسی نہ کسی وجہ سے لیگ سے باہر ہو رہے ہیں۔ 
گزشتہ روز کراچی کے معروف ہوٹل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ ٹیسٹ کئے گئے جن کی رپورٹس آنے پر معلوم ہوا کہ انور علی کورونا وائرس کا شکار ہیں جس پر انہیں ہوٹل میں علیحدہ منزل پر قرنطینہ میں بھیج دیا گیا۔ 
گزشتہ روز ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر ہوٹل میں کھلبلی مچ گئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے اہم آل راؤنڈر سے محروم ہو گئی کیونکہ انور علی ٹیم کے ہمراہ ابوظہبی کیلئے سفر کر سکیں گے اور نہ ہی لیگ میں شریک ہو سکیں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روزکوئٹہ گلیڈی ایٹر ہی کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو کورونا وائرس کی پرانی ٹیسٹ رپورٹ جمع کروانے پر لیگ سے باہر کرکے گھر بھیج دیا تھا۔ 
دوسری جانب ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی بھی کمر کی تکلیف کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔