شریف خاندان کیخلاف حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولنے کی تیاریاں مکمل

شریف خاندان کیخلاف حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولنے کی تیاریاں مکمل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: حکومت نے شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور 2 سے 3 ہفتوں کے اندر اسے متعلقہ فورم کو ارسال کر دیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے شریف خاندان کیخلاف حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حدیبیہ کیس دو سے تین ہفتوں کے اندر متعلقہ فورم کو ارسال کردیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کرپشن اور منی لانڈرنگ کی نئی دفعات کے تحت حدیبیہ پیپرز ملز کیس دوبارہ کھولے جانے کا امکان ہے جبکہ قاضی فیملی کے اکاؤنٹس کے استعمال پر بھی منی لانڈرنگ کی بنیاد پر دوبارہ کیس بنایا جائے گا، قاضی فیملی کے معاملات اس طرح سے پہلے کیس میں شامل نہیں تھے جیسے اب کئے جائیں گے۔ 
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ حکومتی ٹیم کی حدیبیہ کیس پر تین میٹنگز ہو چکی ہیں، پہلے چلنے والا حدیبیہ کیس صرف اثاثوں کی حد تک تھا، حدیبیہ کیس کبھی ٹھیک سے کھلا نہ ہی بند ہوا تھا، دیکھ رہے ہیں حدیبیہ کیس میں فرد جرم عائد ہی نہیں ہوئی تو پھر یہ ڈبل جیوپارڈی کا کیسے بنتا ہے۔