وزارت تعلیم کو ’وزارت ڈیٹ شیٹ‘ کا نام دینا چاہئے: مونس الٰہی

وزارت تعلیم کو ’وزارت ڈیٹ شیٹ‘ کا نام دینا چاہئے: مونس الٰہی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءمونس الٰہی نے امتحانات کے معاملے پر وزارت تعلیم کا نیا نام تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کو ”وزارت ڈیٹ شیٹ“ کا نام دینا چاہئے۔ 
مونس الٰہی نے کہا کہ طلبہ کو سنے بغیر امتحانات کی تاریخ آگے پیچھے کرنے کے سوا وہاں کیا ہورہا ہے؟ کورونا کے اثر سے تعلیم کے بچاؤ کی پالیسی نہ طلبہ کو تعلیمی بحران سے نکالنے کا پلان ہے جبکہ بغیر تیاری امتحان دینا طلبہ کی پریشانی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پانچ فیصد سے کم کورونا مثبت والے اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھولنے کا فیصلہ کرنے کیساتھ ساتھ پروفیشنل اور امتحانی اداروں کو امتحانات لینے کی اجازت بھی دیدی ہے۔ 
حکومتی فیصلے کے مطابق امتحانات کے دوران کورونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور امتحانی عملے کی کورونا ویکسی نیشن بھی لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ پروفیشل اور امتحانی اداروں کیلئے حکومت سے اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کورونا ایس او پیز کے تحت تمام طلبہ کے امتحانات لینے کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کسی کو بھی اگلی کلاس میں پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ 
فیصلے کے مطابق پہلے دسویں اوربارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے اور جون کے تیسرے ہفتے میں ان کا آغاز ہو گا جبکہ نوویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات اس کے بعد لئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رزلٹ تاخیر سے ہونے کی صورت میں جامعات پروویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دینے کی اہل ہوں گی۔