شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر مستعفی ہونے کی دھمکی دیدی

شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر مستعفی ہونے کی دھمکی دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کو اتحاد میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دینے پر مستعفی ہونے کی دھمکی دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حکومت کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کے معاملے پر نیا تنازعہ کھڑا ہونے کا امکان ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دینے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءشاہد خاقان عباسی کے تحفظات برقرار ہیں۔ 
شاہد خاقان عباسی نے وفاقی دارالحکومت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنی تو پی ڈی ایم نیا سیکرٹری جنرل ڈھونڈ لے کیونکہ سینیٹ انتخابات پر میرے تحفظات برقرار ہیں اور میں اصولوں پر کسی بھی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ 
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپوزیشن اتحاد میں دوبارہ شامل ہونے کی کوئی دعوت نہیں دی اور پی ڈی ایم کے دروازے بند ہیں، اگر کسی کو اس اتحاد میں شامل ہونا ہے تو اس کیلئے اعتماد کی فضاءبحال کرنا ہو گی، جو کاغذ پھاڑے گئے، وہ جوڑ کر پڑھیں اور وضاحت دیں۔