ابوظہبی میں مداحوں کی بہت کمی محسوس کریں گے: کامران اکمل

ابوظہبی میں مداحوں کی بہت کمی محسوس کریں گے: کامران اکمل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کامران اکمل نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز میں مداحوں کی بہت کمی محسوس ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق کامران اکمل نے ابوظہبی میں لیگ کے میچز کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میچز کا حصہ بننے کیلئے بہت پرجوش ہوں اور ہماری پوری پوری کوشش ہو گی کہ بہترین کارکردگی کے ذریعے پشاور زلمی کو ایک مرتبہ پھر چیمپین بنوائیں۔ 
کامران اکمل نے کہا کہ ابوظہبی میں میچز کے دوران مداحوں کی کمی بہت زیادہ محسوس کریں گے مگر میری ان سے اپیل ہے کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہمیں سپورٹ کریں اور لیگ کی کامیابی کیلئے بھرپور دعائیں کریں۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پشاور زلمی کو ہمیشہ بہت سپورٹ ملی ہے، اس بار بھی یقین ہے کہ ایسا ہی ہو گا۔ 
واضح رہے کہ رواں سال کورونا وائرس کی وجہ سے التواءکا شکار ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز ابوظہبی میں کروائے جا رہے ہیں جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹنگ بھی ہو چکی ہے جبکہ جلد ہی تمام کھلاڑی روانہ ہو جائیں گے۔