کراچی میں کئی جاپانی کمپنیاں شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں،میئر کراچی

 کراچی میں کئی جاپانی کمپنیاں شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں،میئر کراچی

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کا دوست ملک ہے جس کے کئی ادارے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں میں شریک ہیں بالخصوص کراچی میں کئی جاپانی کمپنیاں شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں جس پر ہم جاپان کے شکر گزار ہیں اور مختلف شعبہ جات میں مستحکم تعلقات کے خواہش مند ہیں ،کراچی میں دیگر شہروں سے آنے والے افراد کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اورکراچی شہر یہاں آنے والے تمام لوگوں کو روزگار مہیا کر رہا ہے جس کے باعث اس شہر کی آبادی کئی گنا بڑھ چکی ہے اور ساتھ ہی مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے عوام نے ہمیں جو اہم ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اتر سکیں اور کراچی کے شہریوں کے مسائل کو بلا امتیاز حل کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی صبح اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے جاپانی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے جاپانی قونصل جنرل کی اپنے دفتر آمد پر انہیں سندھ کی روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی جبکہ جاپانی قونصل جنرل نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کو شہر کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

میئرکراچی وسیم اختر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بہترین اور وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے کہا کہ ہم جاپان کی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ خواہش رکھتے ہیں کہ ہم بھی اپنے شہر کو جدید ترین شہروں میں شمار کراسکیں کہ جہاں عوام کے لئے تمام تر سہولیات موجود ہوں۔

مصنف کے بارے میں