فاروق ستار نے الطاف حسین کی پارٹی پر چائنا کٹنگ کی طرح قبضہ کرلیا : مصطفی کمال

 فاروق ستار نے الطاف حسین کی پارٹی پر چائنا کٹنگ کی طرح قبضہ کرلیا : مصطفی کمال

حیدرآبا د: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ الطاف حسین اپنے اراکین اسمبلی کو بلیک میل کرنے کیلئے دھمکیاں تو دیتے تھے لیکن انہیں کبھی پارٹی سے نہیں نکالا، فاروق ستار نے الطاف حسین کی پارٹی پر چائنا کٹنگ کی طرح قبضہ کرلیا ہے۔ 14 سال بعد گورنر ذلیل ہوکر نکلے پھر بھی انہیں شرم نہیں آئی وہ الطاف حسین کو اپنا محسن کہتے ہیں۔

حیدرآبا دکے علاقے لطیف آباد اسکاؤٹس گراؤنڈ میں پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ کنونشن سے پارٹی کے صدر انیس قائم خانی، جنرل سیکریٹری رضا ہارون، سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر احمد، انیس ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مصطفی کمال نے کہاکہ جو لوگ ہمارے خلاف باتیں کرتے ہیں 22اگست کے بعد انہوں نے ہی الطاف حسین کیخلاف آرٹیکل 6 کی قرارداد اسمبلی میں پیش کی تھی۔ ایم کیوایم الطاف حسین کی تھی اور رہے گی ، یہ مینڈیٹ الطاف حسین کا ہے ، فاروق ستار کو چاہئے تھا کہ وہ ان اراکین سے استعفیٰ دلواتے لیکن ابھی ڈیڑھ سال باقی ہے انہیں اور مال کمانا ہے ، انہیں مزید ٹھیکے چاہئیں.

انہوں نے سابقہ گورنر سندھ عشرت العباد پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ 14سال بعد گورنر ذلیل ہوکر نکالے گئے ، ان کو شرم نہیں آتی وہ الطاف حسین کو اپنا محسن کہتے ہیں ، الطاف حسین کہہ کہہ تھک گئے کہ گورنر استعفے دو لیکن اس وقت ان کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیا ، انہوں نے کہاکہ الطاف حسین نے عشرت العباد سے استعفیٰ اس لئے نہیں مانگا کہ وہ عوام کے کام نہیں کررہے تھے بلکہ استعفیٰ اس لئے مانگا کہ عزیز آباد میں رینجرز نے ان کی بہن کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہ خاموش بیٹھے رہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے ایم این اے کنورنوید جمیل پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے ہیں ، وہ جو کوٹری کی فیکٹری میں 12سو روپے کی تنخواہ پر کام کرتے تھے آج ان کی ہزاروں ایکڑ زمین ہے جن پر لوگ شکار کھیلنے جاتے ہیں۔ ہر شہر میں ان کے مکانات ہیں جو انہوں نے عوام کا خون چوس کر جمع کیا ہے۔

مصنف کے بارے میں