کوئٹہ، سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ، 4 افراد شہید

کوئٹہ، سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ، 4 افراد شہید

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بس اڈے کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا خودکش حملہ ہے جس میں حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو سریاب پل کے قریب نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور پہلے سے ہی سریاب پل پر موجود تھا جو فورسز کی گاڑی کو آتے دیکھ کر پیدل چلتے ہوئے گاڑی کے قریب گیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں خواتین سمیت 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اسے گھیرے میں لے لیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور شہید ہونے والوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا۔ جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے اور شواہد اکھٹا کیے جا رہے ہیں۔ جائے وقوعہ پر خودکش بمبار کے اعضا کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور پولیس کے سینیئر افسران کو قتل کیا جاچکا ہے۔ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں 10 دن پہلے 15 نومبر کو مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں قائم مقام ایس پی انوسٹی گیشن محمد الیاس، ان کی اہلیہ اور بیٹے سمیت خاندان کے چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

واضح رہے گزشتہ روز امن دشمنوں نے پشاور کو لہو لہو کر دیا تھا۔ حیات آباد میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں