دبئی ٹیسٹ:پاکستان کی دوسرے روز بیٹنگ جاری،حارث سہیل نے سنچری جڑ دی

دبئی ٹیسٹ:پاکستان کی دوسرے روز بیٹنگ جاری،حارث سہیل نے سنچری جڑ دی
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں حارث سہیل نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھال لیا اور اپنے کیریئر کی دوسری سنچری جڑ دی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 207 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو حارث سہیل 81 اور بابراعظم 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔


دونوں بلے باز کریز پر موجود ہیں اور کیویز باﺅلروں کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھا رہے ہیں، حارث سہیل نے 11 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔بابراعظم بھی شاندار کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔


قبل ازیں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم نے پہلے روز کے اختتام تک اظہر علی اور حارث سہیل کے شاندار 81، 81 رنز کی بدولت 207 رنز بنائے۔


اوپنرز محمد حفیظ اور امام الحق ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 18 کے مجموعے پر محمد حفیظ گرینڈ ہوم کی گیند پر 9 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے جب کہ 25 کے مجموعی سکور پر گرانڈ ہوم نے ہی امام الحق کو بھی 9 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

تصویر بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر اکاؤنٹ


قومی ٹیم کی دو وکٹیں گرنے کے بعد اظہر علی اور حارث سہیل نے محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کی اور دونوں بلے بازوں سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔


پاکستان کی تیسری وکٹ 151 کے مجموعی سکور پر گری جب اظہر علی 81 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، چوتھی وکٹ اسد شفیق کی گری جو 12 رنز بناکر پٹیل کا اعجاز پٹیل کا شکار ہوئے۔


کیویز کی جانب سے گرینڈ ہوم نے 2 اور اعجاز پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ خیال رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔