وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کا افتتاح کر دیا
کیپشن: آلودگی کی وجہ سے لاہور میں سانس لینا مشکل ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیراعظم نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے کہا نیا پاکستان پہلے ذہنوں میں، بعد میں زمین پر آئے گا اور ملکی تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 35 سال پہلے لاہور بڑا صاف شہر تھا اور پھیپھڑوں کی بیماریاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ آلودگی ایک خاموش قاتل ہے اور ہم سمجھتے تھے دلی آلودہ ترین شہر ہے۔ لاہور کے بارے میں کسی نے نہیں سوچا، آلودگی کی وجہ سے لاہور میں سانس لینا مشکل ہے اور لاہور دنیا کا دوسرا یا تیسرا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا گزشتہ 10 سال میں لاہور سے 70 فیصد درخت کاٹے گئے اور لاہور میں آلودگی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ ہم نے اپنا قبلہ درست کرنا ہے اور بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، سندھ بھی اس نظام کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا جس کے لئے مل کر نیا پاکستان بنے گا۔

اس سے پہلے مشیر ماحولیات امین اسلم کا کہنا تھا اسلام آباد میں کلین اینڈ گرین مہم کامیابی سے جاری ہے، الیکٹرک گاڑیوں سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ہزاروں گیلن پانی سمندر میں ضائع ہو جاتا ہے۔ پانی کا ضیاع روکنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور 19 شہروں میں مختلف انڈیکیٹرز پر کام جاری ہے جبکہ مضر صحت پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے گا۔