سنیپ چیٹ پر ویڈیو وائرل کریں اور روزانہ لاکھوں ڈالر کمائیں

Make videos viral on SnapChat and make millions of dollars a day
کیپشن: سنیپ چیٹ کی جانب سے 10 لاکھ ڈالر کی رقم روزانہ صارفین میں تقسیم کی جائے گی: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کی ملٹی میڈیا میسجنگ ایپ کمپنی سنیپ چیٹ نے اعلان کیا ہے کہ اب جن صارفین کی ویڈیوز ہمارے پلیٹ فارم سے وائرل ہونگی، انھیں 10 لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ یہ رقم صارفین کے درمیان ہر روز برابر میں تقسیم کی جائے گی۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ خطیر رقم کتنے لوگوں میں تقسیم کی جائے گی یا اس کا فارمولہ کیا ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق سنیپ چیٹ کی جانب سے یہ اقدام بظاہر چین کی مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ سنیپ چیٹ سمیت دیگر تمام کمپنیاں ٹک ٹاک کی بین الاقوامی مقبولیت اور کاروبار میں اربوں ڈالرز کی ترقی کی وجہ سے پریشان ہیں۔

اس سلسلے میں سنیپ چیٹ نے سپاٹ لائٹ نامی ایک فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ اس فیچر میں دنیا کی مشہور شخصیات سمیت دنیا بھر کے صارفین کا مواد موجود ہوگا۔ کمپنی کی جانب سے ابھی صارفین میں روزانہ لاکھوں ڈالرز کی رقم انعام کے طور پر تقسیم کا منصوبہ صرف رواں سال کیلئے ہے جس کے ختم ہونے میں صرف ڈیڑھ ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے۔ تاہم کمپنی حکام نے کہا ہے کہ اگر ان کا یہ پلان کامیاب ہو گیا تو اسے آئندہ سال بھی جاری رکھ سکتے ہیں لیکن یہ صرف اس پر منحصر ہے کہ یہ فیچر عوام میں کس قدر مقبولیت حاصل کرتا ہے۔

سنیپ چیٹ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ صرف اسی سکیم کے تحت اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز ہی کو شارٹ لسٹ کرکے دیکھا جائے گا کہ انھیں عوام میں کس قدر مقبولیت حاصل ہوئی۔ اس سکیم میں حصہ لینے کیلئے ضروری ہے کہ وہ بالغ ہوں اور ان کی عمر برس یا اس سے زائد ہو۔ سنیپ چیٹ کی اس سکیم میں ویڈیوز کو درست طریقہ کار کے تحت بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ غلط مواد لوگوں کی پہنچ سے دور رہے۔ اس سلسسلے میں غیر اخلاقی مواد کی ممانعت ہوگی۔

ادھر ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ سنیپ چیٹ کی جانب سے لوگوں میں خطیر رقم بانٹے کے منصوبے سے ظاہر ہوتا کہ وہ ٹک ٹاک کے مقابلے میں اپنا وجود برقرار رکھنے کیلئے کس قدر پریشان ہے۔ اگر یہ منصوبہ ناکام ہو گیا تو امریکی کمپنی سنیپ چیٹ بھی ناکام ہو جائے گی۔ اس کمپنی کی زندگی کا دارومدار صرف اسی ایک سکیم پر ہے کہ وہ عوام میں کس قدر پذیرائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی، اگر ایسا نہ ہوا تو سنیپ چیٹ کو اپنا وجود برقرا رکھنا مشل ہو جائے گا۔