قریبی ساتھی کورونا میں مبتلا، بلاول بھٹو نے احتیاطََ خود کو قرنطینہ کرلیا

Suffering from Jamil Soomro Corona, Bilawal Bhutto Zardari quarantined himself
کیپشن: پیپلز پارٹی نے تردید کی ہے کہ بلاول بھٹو کورونا میں مبتلا نہیں ہیں: فائل فوٹو

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی مشیر جمیل احمد سومرو کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعداحتیاطََ خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی مشیر جمیل احمد سومرو نے خود میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اپنا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آیا، اس کے بعد انہوں نے اپنا علاج معالجہ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دیں ہیں۔

جمیل احمد سومرو کے کورونا میں مبتلا ہوتے ہی قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اس مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

انھیں افواہوں کا جواب دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بالکل خیریت سے ہیں، تاہم انہوں نے اپنے سیاسی مشیر کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد خود کو سب سے علیحدہ کر لیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ابھی تک کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے، اس سلسلے میں میڈیا میں چلنے والی خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس وبا کی دوسری لہر نے اپنے اثرات دکھانا شروع کر دیئے ہیں۔ کووڈ 19 کی اس لہر کو پچھلی سے زیادہ خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں روزانہ سینکڑوں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ اموات میں بھی خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

خطرناک صورتحال کا ادارک کرتے ہوئے ملک بھر میں پابندیاں لگانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے آزاد کشمیر کی حکومت نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے 15 روز کیلئے لاک ڈائون نافذ کر دیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے بھی کاروبار کے اوقات کار جاری کرتے ہوئے عوام سے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ اس مرض سے بچا جا سکے۔