نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے نئی انتظامیہ کے عہدیداروں کا اعلان کردیا

US President-elect Joe Biden announces new administration
کیپشن: جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم امریکا کی تاریخی پوزیشن دلائے گی: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنی نئی انتظامیہ کے عہدیداروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ملک بہت جلد اپنی تاریخی پوزیشن پر واپس آئے گا۔

جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ نئی امریکی ٹیم امریکا کو اتحادیوں کے قریب لائے گی۔ نیا سیکرٹری خارجہ دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مستحکم کرے گا۔ امریکا دنیا کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہے۔ میں نے انتھونی بلنکن کو سیکرٹری امور خارجہ اور جان کیری کو خصوصی ایلچی برائے ماحولیات مقرر کیا ہے جبکہ ایورل ہینزڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس ہوں گی۔

انہوں نے گزشتہ رات دنیا کے سامنے اپنی ٹیم کا تعارف کرایا۔ جوبائیڈن نے اس موقع پر عالمی برادری کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کو کبھی نہیں چھوڑے گا جبکہ دشمنوں سے سخت مقابلہ کیا جائے گا۔ میری ٹیم دنیا میں امریکا کا کھویا ہوا مقام واپس لائے گی۔

دوسری جانب الیکشن سے قبل ہی دھاندلی کا راگ الاپنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کو پرامن اقتدار کی منتقلی کا عندیہ دیدیا ہے۔ اس سلسلے میں نومنتخب صدر کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ نئے امریکی صدر جوزف بائیڈن کو اقتدار منتقل کرنے کی تقریب آئندہ سال 20 جنوری کو واشنگٹن کے تاریخی مقام پر ہوگی۔ یہ تقریب دنیا بھر کے ٹیلی وژن چینلز پر براہ راست نشر کی جائے گی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تو کہہ دیا ہے کہ وہ جوبائیڈن کو اقتدار منتقل کر دیں گے تاہم وہ مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف قانونی جنگ جاری رکھنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ جوبائیڈن کو دھاندلی کے ذریعے وائٹ ہائوس میں پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کسی بھی امریکی سے زیادہ پاکستان کو قریب سے جانتے ہیں۔ وہ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور میاں نواز شریف کے دور میں پاکستان کے دورے بھی کر چکے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ کیری لوگر بل کی تیاری میں ان کا بنیادی کردار تھا۔