کورونا وائرس قومی مسئلہ، سیاست کی نظر کرنا افسوسناک ہے: شبلی فراز

Corona virus is a national issue, it is unfortunate to politicize it: Shibli Faraz
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے اعدادوشمار صورتحال کی سنگینی کا بتا رہے ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے قومی مسئلے کو سیاست کی نذر کرنا قابل افسوس ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی میں عدم شرکت سےاپوزیشن نے پیغام دیا ہے کہ انہیں اپنی سیاست عزیزہے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی کے دعویدار اپنے اقدامات سے اس کی نفی کر رہے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر انتہائی شدت کے ساتھ واپس آئی ہے۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات نے اپوزیشن رہنمائوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ قومی مجرم ہیں جو اپنے مفاد کیلئے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ تمام فیصلے اتفاق رائے سے چاہتے ہیں۔ حکومتی ٹیم اپوزیشن سے رابطہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی۔ بدقسمتی سے آج کے اجلاس میں اپوزیشن رہنما شریک نہیں ہوئے۔ کورونا سے متعلق پارلیمانی کمیٹی جائزہ لیتی ہے۔ کورونا کی پہلی لہر میں پاکستان نے کامیاب حکمت عملی اپنائی۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسی تھی کہ روزگار اور جانوں کو بچانا ہے۔ کورونا صورتحال سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں تمام جماعتیں شامل ہیں۔ اپوزیشن نے ایک بار پھر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ میٹنگ میں شرکت نہ کرکے اپوزیشن نے پارلیمنٹ پر عدم اعتماد کیا۔ اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کرکے ایک غلط فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا تحفظ اپوزیشن کی ترجیح نہیں لیکن حکومت تمام اقدامات کرے گی۔ دوسری لہر کے اعدادوشمار صورتحال کی سنگینی کا بتا رہے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی کا مقصد اتفاق رائے سے کورونا صورتحال سے نمٹنا اور معاشی سرگرمیوں کے ساتھ کورونا کے پھیلاؤ کو بھی روکنا ہے۔ قومی مسئلے کو سیاست کی نذر کرنا قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا قومی نہیں ذاتی ایجنڈا ہے۔ یہ صرف اپنی ذات کو بچانے کیلئے حکومت پر پریشر ڈال رہی ہیں۔ اپوزیشن کو شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔