فرانس سے برطانیہ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ ، 33 افراد ہلاک

فرانس سے برطانیہ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ ، 33 افراد ہلاک

پیرس : فرانس سے برطانیہ جانے والی غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی ۔ نئی زندگی کی خواہش لئے 33 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، مرنے والوں میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں ۔ 

تفصیلات کے مطابق تارکین وطن کی کشتی مشہور سمندری راستے انگلش چینل کے ذریعے فرانس سے برطانیہ جا رہی تھی ۔ بدقسمت کشتی بدھ کے روز فرانس کے شمالی ساحلوں پر پرسکون سمندر کی وجہ سے روانہ ہوئی تاہم دوران سفر اچانک سمندر میں ہیجان پیدا ہوا اور کشتی حادثے کا شکار ہوگئی ۔ مقامی ملاحوں کی کشتی نے تارکین وطن کی الٹی ہوئی کشتی اور تیرتی لاشیں دیکھ کر انتظامیہ کو اطلاع کردی ۔ 

یاد رہے کہ فرانسیسی بندرگاہ " کیلے " کے قریب سال 2014 کے بعد یہ سب سے بڑا حادثہ قراردیا جارہا ہے ۔واقعہ  کے بعد فرانسیسی اور برطانوی مشترکہ تلاش شروع کردی گئی ہے ریسکیو آپریشن میں تین ہیلی کاپٹر اور تین کشتیاں استعمال کی جارہی ہیں لیکن کسی زندہ فرد کی تلاش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

فرانسیسی وزیراعظم نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ اسمگلر انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں اور ان کی ہمدردیاں مرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ فرانس سے برطانیہ جانے والے مشہور سمندری راہ گزر دی چینل کو پناہ گزینوں کا قبرستان نہیں بننے دیا جائے گا۔