عوام کو لائینوں میں لگے دیکھ کر لوگ پرانے پاکستان کو یاد کررہے ہیں ، شہبازشریف

عوام کو لائینوں میں لگے دیکھ کر لوگ پرانے پاکستان کو یاد کررہے ہیں ، شہبازشریف

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے سربراہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ  راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات بن گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ  ملک میں گیس کا بحران عمران نیازی کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے  کہا ہے کہ قطاروں میں کھڑے عوام آج نوازشریف اور پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کے لئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نئے سال پر گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے کا نیا بم قوم پر گرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی۔ آئندہ ماہ 1400 سے بڑھا کر 1700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ کرنے کی تیاری قوم کو زبح کرنے کے مترادف ہے، گیس کے بعد چینی کا بحران پھر سے سر اٹھا رہا ہے، پہلے ہی 52 روپے والی چینی 130 اور 150 تک مل رہی ہے۔