مریم نواز کے میڈیا سیل چلانے اور اشتہارات کی تقسیم پر تحقیقاتی کمیٹی قائم 

مریم نواز کے میڈیا سیل چلانے اور اشتہارات کی تقسیم پر تحقیقاتی کمیٹی قائم 
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے ن لیگ کی رہنما مریم نواز کے میڈیا سیل چلانے کے حوالے سے انکشافات اور میڈیا سیل کے ذریعے قومی خزانے سے خطیر رقم خرچ کرنے، من پسند صحافیوں اور مختلف میڈیا گروپس کو نوازنے سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔

وزارت اطلاعات کی طرف سے  جاری کردہ بیان کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی ن لیگ کے دور حکومت میں میڈیا کو جاری کئے جانے والے اشتہارات میں بے ضابطگیوں اور میڈیا سیل کے ذریعے من پسند صحافیوں اور مختلف میڈیا گروپس کو نوازنے سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔

وزارت اطلاعات کی طرف سے الزام لگایا گیا ہے کہ مریم نواز کی سرپرستی میں قائم میڈیا سیل کے ذریعے قومی خزانے سے وفاقی حکومت کے 9 ارب 62 کروڑ 54 لاکھ 3 ہزار 902 روپے خرچ کئے گئے۔ مذکورہ میڈیا سیل سے پنجاب میں ایڈورٹائزمنٹ کو کنٹرول کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی میڈیا سیل کے ذریعے سرکاری رقوم کے غیر قانونی استعمال کے معاملات کی تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔