کرپشن نے ملک برباد کیا، باہر گیا پیسہ واپس لانا ایک مشکل کام ہے، چیئرمین نیب

کرپشن نے ملک برباد کیا، باہر گیا پیسہ واپس لانا ایک مشکل کام ہے، چیئرمین نیب

لاہور: چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کچھ لوگ نیب کی وجہ سے اپنی سیاست کررہے ہیں ،کرپشن نے ملک کو برباد کردیا ہے سرمایہ کاری سے قبل عوام ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کے بارے جانچ پڑتال کرلیا کریں ۔  

چیئرمین نیب جاوید اقبال لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کئی ایسے سیاستدان ہیں جن کی سیاست نیب کی وجہ سے ہی چل رہی ہے ان کی صبح نیب سے شروع ہوتی ہے اور نیب پر شام ہوتی ہے ۔ 

 چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ  کرپشن نے ملک کو برباد کردیا ہے  اور ٹھیک کرنے کے لئے بڑی جدوجہد کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کی دولت کو واپس لانا بہت مشکل  کام ہے  لیکن ہم کوشش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام ہاؤسنگ سوسائیٹیوں میں پیسہ لگانے سے قبل سوسائٹی کی جانچ پڑتال کرلیا کریں ان کی تحقیق کرنے سے وہ کسی فراڈ سے بچ سکتے ہیں  ۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ میں نے اپنےچارسالہ دورمیں پوری ایمانداری سے کام کیا ہے، چارسال میں1470ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائرکرائے، ریفرنسز کا فیصلہ کرنا احتساب عدالتوں کا کام ہے، ریفرنسز کا فیصلہ کرنا میرے اختیار میں ہوتا تو کبھی فیصلوں میں سالہاسال نہ لگتے، مجھے جتنا برا بھلا کہیں، الزام تراشی کریں لیکن  نیب نے جو جنگ شروع کی  ہے وہ جاری رہے گی۔

  چیئرمین نیب نے کہا کہ  چند ہفتے قبل چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا تھا  کہ نیب کی ریکوری کے پیسے کہاں جاتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوری کرنسی نوٹوں کی شکل میں نہیں ہوتی کہ کسی کو بلا کر دکھائیں یا نوٹ گنوائیں ۔ انہوں نے کہا کہ  نیب نےڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ریکوری کے ایک ایک پیسے کا حساب رکھاہواہے، اربوں روپے کی زمینوں کا قبضہ چھڑایا گیا، گندم ریکور کی گئی، گوادرسےکھربوں روپےکی زمین ریکورکرائی، چائےکی پیالی میں طوفان اٹھانے والے کامیاب نہیں ہوسکے ۔ 

 نیب کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، کیونکہ ہم نے ان سے پوچھا کہ آپ نے اربوں کھربوں کی منی لانڈرنگ کیوں کی، کچھ لوگ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے تھے کہ ان سے بلاکر منی ٹریل مانگی جائے گی کہ پاپڑ والا، گنڈیری والا اتنے امیر کیسے ہوگئے۔