سوائے 2 اداروں کے سب ادارے نواز شریف کے کنٹرول میں ہیں، عمران خان

سوائے 2 اداروں کے سب ادارے نواز شریف کے کنٹرول میں ہیں، عمران خان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سندھ میں سب سے زیادہ کرپشن نے تباہی مچاہی اور ملک میں سب سے تباہ حال صوبہ سندھ ہے کیونکہ یہاں پر ترقیاتی کاموں میں کرپشن کی جاتی ہے اور کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں ہوتا۔ کرپشن میں پیسا چوری ہو کر بیرون ملک جا رہا ہے اور نئے چیرمین نیب دبئی میں پاکستانیوں کی 8 ارب ڈالر کی جائیداد کی تحقیقات کریں۔ تفتیش سے پتا چلے گا کون لوگ یہاں سے پیسا باہر لے کر جا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا پاناما سے فارغ ہو گئے ہیں اب سندھ پر بھرپور توجہ دیں گے اور اگلا جلسہ 5 نومبر کو اوباڑو میں ہو گا۔ سندھ میں لوکل گورنمنٹ سسٹم میں اختیارات ہی نہیں اور ہم ڈسٹرکٹ ناظم اور میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے کیونکہ بلدیاتی نظام ٹھیک ہونے تک عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا اداروں کو غیر سیاسی کر کے پیشہ وارانہ طریقے سے چلایا جائے کیونکہ سفارشی لوگوں کی بھرتی سے ایئرلائن پر بوجھ پڑا جبکہ اس وقت سوائے 2 اداروں کے سب ادارے نواز شریف کے کنٹرول میں ہیں۔ اداروں کو ٹھیک کرنے کا حل نجکاری نہیں ہے بلکہ اداروں کو غیر سیاسی بنایا جائے اور افسران کا تقرر میرٹ پر کیا جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا اپوزیشن لیڈر کیلئے تمام پارٹیوں کو اعتماد میں لیکر عوام میں جانا چاہیے تھا لیکن اس معاملے پر ہم سے کوتاہی ہوئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں