پنڈی بھٹیاں میں پسند کی شادی پر نوجوان وکیل کا اغوا اور قتل

پنڈی بھٹیاں میں پسند کی شادی پر نوجوان وکیل کا اغوا اور قتل
کیپشن: لاش پنڈی بھٹیاں کے نواحی گاؤں چوکیریاں کے قریب سے نہر جھنگ برانچ سے برآمد ہوئی۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

حافظ آباد: صوبہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں میں پسند کی شادی کرنے پر نوجوان وکیل کو مبینہ طور پر اغوا کر کے قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق 25 سالہ ایڈووکیٹ ثقلین عباس کی لاش پنڈی بھٹیاں کے نواحی گاؤں چوکیریاں کے قریب سے نہر جھنگ برانچ سے برآمد ہوئی۔

مقتول کے ورثاء کا کہنا ہے کہ 5 ماہ قبل ثقلین عباس نے پسند کی شادی کر کے نیو سٹی واہ کینٹ میں رہائش اختیار کی تھی۔

ورثاء نے الزام عائد کیا کہ 19 اکتوبر کی شام لڑکی کے چچا اور دیگر رشتے داروں نے مل کر ثقلین عباس کو اغوا کیا اور بعدازاں اس کی لاش برآمد ہوئی۔ مقتول کے اغوا کا مقدمہ ایک روز قبل تھانہ واہ کینٹ میں درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پنڈی بھٹیاں بار ایسوسی ایشن نے اس اندوہناک قتل پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔