وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت بڑھانے اور ای سی سی کے فیصلوں کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت بڑھانے اور ای سی سی کے فیصلوں کی منظوری دیدی
کابینہ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی عرب کے اقتصادی پیکج اور دیگر آپشن پر بریفنگ دی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں سیاسی واقتصادی صورت حال سمیت 10 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔


ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ سعودی پیکج سے اقتصادی صورت حال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ چین سمیت دیگر دوست ملکوں کے ساتھ بھی رابطے جاری ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی عرب کے اقتصادی پیکج اور دیگر آپشن پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے بجلی کی قیمتیں بڑھانے سمیت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ کے چیئرمین کے تقرری کی منظوری دی جب کہ نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹ کے اجراء کی منظوری کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے نیشنل لائبریری پاکستان اور بلغاریہ کے مابین ایم او یو کی منظوری دی اور اکادمی ادبیات پاکستان اور اومان ادبی ادارے کے مابین معاہدے کی توثیق کی۔