سعودی صحافی جمال خاشقجی کا بیٹا صلاح سعودی عرب سے چلا گیا، خاندانی ذرائع

سعودی صحافی جمال خاشقجی کا بیٹا صلاح سعودی عرب سے چلا گیا، خاندانی ذرائع
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

ریاض: مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کا بیٹا صلاح خاشقجی سعودی عرب سے چلا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے جمال خاشقجی کے خاندانی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صلاح خاشقجی بدھ کو سعودی عرب سے روانہ ہوا۔خاندانی ذرائع نے یہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ صلاح خاشقجی سعودی عرب سے کہاں گئے ہیں۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کا بیٹا اہلخانہ سمیت سعودی عرب سے واشنگٹن روانہ ہو گیا، صلاح خاشقجی سفری پابندی ختم ہونے کے بعد امریکا روانہ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق صلاح خاشقجی کے پاس امریکا اور سعودی عرب کی دہری شہریت ہے۔

چند روز قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ جمال خاشقجی کے سعودی عرب چھوڑنے کے بعد سے ان کے بیٹے صلاح خاشقجی پر سفری پابندیاں عائد تھیں۔

خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصلیٹ سے لاپتہ ہوئے تھے اور پھر سعودی حکام نے 20 اکتوبر کو جمال خاشقجی کے قتل کی تصدیق کی تھی۔