نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد نہ بڑھنا تشویشناک امر ہے، شہباز شریف

نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد نہ بڑھنا تشویشناک امر ہے، شہباز شریف

لاہور : صدر مسلم لیگ نواز میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عدالت کو نواز شریف کی صحت پر خطرات سے آگاہ کرے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد نہ بڑھنا تشویشناک امر ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب و مسلم لیگ نواز کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے نواز شریف سے متعلق جاری بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت کےلیے فکر مند ہوں آج خصوصی دعاﺅں کا دن ہے۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کی صحت کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے اور بہترین علاج کی سہولتیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا قانون حق ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعدادنہ بڑھناتشویشناک امرہے بیماری کی نوعیت کے پیش نظررپورٹس بیرون ملک بھجوا دی گئی ہیں،نوازشریف کی صحت سے متعلق کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

سابق وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا،مشیروں کا اندازبیان انتہائی نامناسب ہے بیماریوں اور رنج کا مذاق اڑانے والے نہ بھولیں وقت بدل جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پورا پاکستان نوازشریف کی صحت کیلئے نمازجمعہ میں خصوصی دعا کرے۔