نواز شریف شدید بیمار، ضمانت پر پوری قوم  میں خوشی کی لہر ہے، شہباز شریف

نواز شریف شدید بیمار، ضمانت پر پوری قوم  میں خوشی کی لہر ہے، شہباز شریف
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی و سابق وزیر اعظم  میاں نواز شریف کی ضمانت پر عدالت عالیہ، وکلا اور اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، مسلم لیگ ن کے  صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف  نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف شدید بیمار ہیں، ان کی ضمانت پوری قوم  میں خوشی کی لہر ہے۔

 

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  ہم سب اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ پوری قوم سے درخواست ہے کہ نواز شریف کی صحت کیلئے دعا کریں۔ عدالت عالیہ، وکلا اور ان ساتھیوں کا شکریہ جنہوں نے میری اس معاملے میں مدد کی۔

 

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز تک میاں نواز شریف کے مرض کی تشخیص نہیں ہو سکی تھی لیکن اس چیز کی تسلی ہو چکی ہے کہ انھیں نہ تو ڈینگی کی شکایت ہے اور نہ ہی دل کی تکلیف کیلئے جو دوائی لیتے تھے اس کا کوئی عمل دخل ہے۔

 

میاں شہباز شریف نے کہا  کہ پیر کے روز مریم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی، میری پوری قوم سے دعا ہے کہ وہ ان کی رہائی کیلئے بھی دعا کریں۔