پاکستان کی کابل میں تعلیمی مرکز کے باہر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

پاکستان کی کابل میں تعلیمی مرکز کے باہر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل کے تعلیمی مرکز پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں دہشت گرد حملے میں کئی معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ عورتوں اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک تعلیمی مرکز پر ہونے والے خود کش حملے میں 18 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ خود کش حملہ کابل کے جنوب میں ایک تعلیمی مرکز میں ہوا تھا۔ اس دہشتگرد حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے تسلیم نہیں کی جبکہ طالبان نے بھی اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور نے اس تعلیمی مرکز میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم وہاں پر موجود سکیورٹی گارڈز نے اس حملہ آور کو شناخت کر لیا جس کے بعد اس نے اپنے آپ کو باہر گلی میں ہی دھماکے سے اڑا دیا۔ خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔