پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کا حل ڈھونڈ لیا

پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کا حل ڈھونڈ لیا
کیپشن: foreign physical trainer Daniel Berry / File PHOTO

کراچی : کھلاڑیوں کی فٹنس کیسے بہتر بنانے ہے ؟ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حل نکال لیا ۔ پی ایچ ایف نے غیر ملکی ٹرینر کی خدمات حاصل کرلیں ۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر کے مطابق دنیا کے نمبر ون آسٹریلین فزیکل ٹرینر ڈینیئل بیری اگلے ماہ پاکستان آئینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو ڈینیئل بیری کی ہدایات پر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا بھی بھیجا جائیگا ۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں سمیت کوچز کو فٹ رکھنے اور ٹریننگ دینے کیلئے دنیا کے نمبر ون فزیکل ٹرینر سے معاہدہ کرلیا ہے ۔غیر ملکی ٹرینر ڈینیئل ںیری کا تعلق آسٹریلیا سے ہے وہ اگلے ماہ پاکستان آئینگے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں فزیکل فٹنس کا فقدان ہے جس سے چھٹکارا پانے کیلئے ہم نے غیر ملکی ٹرینر سے معاہدہ کیا ہے ۔ڈینیئل بیری کا شمار دنیا کے بہترین ٹرینر میں ہوتا ہے وہ اگلے ماہ پاکستان آکر اپنا کام شروع کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینیئل بیری سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں سمیت قومی کوچز کو بھی ٹریننگ دینگے اور انکی ہدایات پر کھلاڑیوں کو ایڈوانس ٹریننگ کیلئے آسٹریلیا بھی بھجوایا جائیگا تاکہ ہمارے جونیئر کھلاڑی عالمی معیار کے مطابق اپنی فٹنس حاصل کرسکیں ۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ ڈینیئل بیری جونیئر ایشیاء کپ میں قومی اسکواڈ کا حصہ ہونگے اور جونیئر ہاکی کیمپ میں اپنی خدمات بھی انجام دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ہاکی میں کھلاڑیوں کی فٹنس اہمیت کی حامل ہے فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ فٹنس کے حوالے سے کھلاڑیوں کو کر سہولت فراہم کی جائیگی تاکہ پاکستانی ٹیم اس شعبے میں یورپین اور دیگر ٹیموں کے ہم برابر آسکے۔