بانی ایم کیو ایم کی طرح قوم نواز، مریم کو بھی رجیکٹ کر چکی: شہباز گل

Nation, MQM founder, Nawaz, Maryam, Shahbaz Gill
کیپشن: Shahbaz Gill file photo

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ملک مخالف بیانیے پر قوم نے بانی ایم کیو ایم کو ریجیکٹ کیا، نواز اور مریم کا اگر یہ خیال ہے کہ ان کا معاملہ مختلف ہو گا، تو ان کو پتہ ہونا چاہیے قوم انہیں بھی رجیکٹ کر چکی ہے۔

اپنے پیغام میں معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ نواز کو لگتا ہے کہ وہ بڑے صوبے سے ہے، اس سے مختلف برتاؤ ہو گا، بلکل نہیں ملک مخالف بیانیہ رکھنے والوں سے ایک جیسا برتاؤ ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہباز گل نے کہا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو اگر پکڑنا ہوتا تو ان کو پکڑنے کے لئے حکومت کے پاس بہت کچھ تھا، مریم صفدر ڈرامہ بناتی ہیں اور وہ بہت جلد ہی فلاپ ہوجاتا ہے، نواز شریف کو واپس آکر جیل اور مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے، نواز شریف کسی کے ساتھ نہیں چل سکتے، انہیں کرپشن کرنے کیلئے کھل کر کھیلنے کا موقع چاہیے۔

شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو خراب کرنے میں مریم صفدر کا ہاتھ ہے، اسلام میں کسی ایسے گواہ کی گواہی نہیں مانی جاتی جو جھوٹا ہوں، مریم نواز سرٹیفائیڈ جھوٹی اور کرپٹ ہیں، مریم نواز نے کہا کہ صفدر کو گرفتار کرنے کیلئے دروازہ توڑا گیا، صفدر اعوان کی گرفتاری کی ویڈیو ان کے اپنے آدمی نے بنائی، کراچی واقعہ کی یہ لوگ اپنی ویڈیو کیوں نہیں دے رہے، واقعے کی ایک ایک پولیس والے کی ویڈیو بنائی گئی، ویڈیو بنانے والے ایک ماہر شخص ہے۔ کمرے کے اندر سے دروازہ کس نے توڑا اس کی وضاحت مریم نواز کو کرنی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ اب مریم نواز کو نواز شریف کی تیمار داری کے لئے باہر بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ شریف خاندان کی وجہ سے آج بھارت فوج اور سی پیک کو نشانہ بنا رہا ہے، اب یہ لوگ بتائیں نواز شریف فالتو ہیں یا کچھ اور ؟ عمران خان حکومت میں ہوں یا نہ ہوں ان کو کرپشن نہیں کرنے دیں گے۔