بھارتی شکست پر مقبوضہ کشمیر ''پاکستان زندہ باد'' کے نعروں سے گونج اٹھا  

Occupied Kashmir resounded with slogans of
کیپشن: فائل فوٹو

سرینگر: ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست پر مقبوضہ کشمیر میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ''پاکستان زندہ باد''کے فلک شگاف عرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

کشمیریوں نے ''تیری جان میری جان پاکستان پاکستان'' اور ''جیوے جیوے پاکستان'' کے نعرے بھی لگائے۔ انڈیا کی تاریخی شکست پر کشمیری  ڈھول کے تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو بھارتی فوج نے محصور کیا ہوا ہے لیکن پاکستان کی فتح پر ان کا جوش وخروش اس بات کی زندہ مثال ہے کہ ان کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں۔

خیال رہے کہ انڈین ٹیم کو گزشتہ روز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی تھی جس سے دنیا بھر کے شائقین جوش میں مبتلا ہیں۔

دوسری جانب بابر اعظم کے کشمیری مداح کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جو میچ کے دوران پاکستانی کپتان کو کھیلتے دیکھ کر ٹی وی سکرین کو بار بار چوم رہا ہے۔

گزشتہ روز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے انڈیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دبئی کے کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے۔

اس ہدف کے جواب میں پاکستانی اوپنرز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارویں اوور میں باآسانی حاصل کر لیا تھا۔