’حسن علی ہمارا چیمپین باؤلر ہے‘

’حسن علی ہمارا چیمپین باؤلر ہے‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ ویرنون فلینڈر نے حسن علی کو چیمپین باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف انہوں نے زیادہ رنز دئیے مگر ہم ان کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں گزشتہ روز پاکستان نے عمدہ کارکردگی کے ذریعے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ حسن علی نے اس میچ میں 4 اوورز میں 44 رنز دئیے اور سوریا کمار یادیو اور رویندرا جدیجہ کی وکٹیں حاصل کیں جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
بھارت کیخلاف تاریخی جیت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ویرنون فلینڈر نے حسن علی کی کارکردگی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ یقینا حسن علی نے کچھ زیادہ رنز دئیے ہیں مگر وہ ہمارے چیمپین باؤلر ہیں اور ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے باؤلرز نے بھارت کیخلاف میچ میں آزادی کے ساتھ باؤلنگ کی اور دنیا کو اپنی طاقت دکھا دی ہے اور ہم ان کی کارکردگی سے بے حد خوش ہیں۔ ہم نے اپنی جیت کا جشن منا لیا اور اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔ 
ویرنون فلینڈر نے کہا کہ اب ہماری تمام تر توجہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پر ہے اور ہم نئے سرے سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے جیت کا مومینٹم برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔