افغانستان ایشو پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے شاہ محمود قریشی کا مشن ایران

Afghan Peace Process,Shah Mehmood Qureshi,SMQ,Iran,Afghanistan

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم ترین مشن پر ایران روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ افغانستان پر ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے ،27 اکتوبر کو ہونے والی کانفرنس میں روس اور چین سمیت افغانستان کے6 ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی منگل کے روز ایران روانہ ہوں گے جہاں وہ افغانستان پر ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔27 اکتوبر کو ہونے والی کانفرنس میں روس اور چین سمیت افغانستان کے6 ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ وفد میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان بھی شامل ہوں گے۔افغانستان پر ہونے والی کانفرنس میں روس، چین، پاکستان، ایران، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ و اعلی حکام شرکت کریں گے،کانفرنس میں امارات اسلامی افغانستان کے وفد کی شرکت بھی متوقع ہے۔

کانفرنس میں افغانستان میں انسانی بنیادوں پرا مداد کی فراہمی، طالبان عبوری حکومت کے اپنے وعدوں پر عملدرآمد، افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 افغانستان کی عبوری حکومت میں مختلف نسلی گروہوں کی شمولیت کے حوالے سے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔شاہ محمود قریشی کانفرنس کی سائیڈ لاینز پر روس،چین ،ایرانی ،تاجک و دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کرینگے ۔

دورے کے دوران وزیر خارجہ کی ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سمیت ایرانی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔