پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان پائیدار ترقیاتی تعاون کا معاہدہ

پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان پائیدار ترقیاتی تعاون کا معاہدہ
سورس: PID

اسلام آباد:پاکستان اوراقوام متحدہ نے پائیدارترقیاتی تعاون فریم ورک 2023 تا 2027 پردستخط کردیے ہیں ۔سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز نے پاکستان کی جانب سے فریم ورک پردستخط کیے جبکہ اقوام متحدہ کی نمائندگی ریذیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے کی۔ 

ڈاکٹرکاظم نیاز نے کہا کہ وزارت اقتصادی امور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت اور سیلاب کی امداد اور بچاؤ کی کوششوں کے دوران مسلسل تعاون پر اقوام متحدہ کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر ملک میں لوگوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے قومی ترقی کی ترجیحات میں دیرپا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر نے عالمی ادارے کی جانب سے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ۔

انہوں نے کہاکہ مو سمیاتی تبدیلی، بنیادی سماجی خدمات کی فراہمی اور سبز اور پائیدار اقتصادی ترقی نئے فریم ورک کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کا فریم ورک پانچ ترجیحی نتائج کو آگے بڑھاتا ہے جن میں بنیادی سماجی خدمات، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات، پائیدار جامع اقتصادی ترقی و گورننس شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری شراکت داری میں آگے بڑھنے کے لیے فریم ورک ناگزیر ہے ۔ یہ فریم ورک پاکستان کے لیے ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں مددگارثابت ہوگا۔

مصنف کے بارے میں