فلم پدماوتی میں دیپیکا پڈوکون کو ہیروئن کاسٹ کرنے پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا

فلم پدماوتی میں دیپیکا پڈوکون کو ہیروئن کاسٹ کرنے پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا

ممبئی: بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی تاریخی واقعات پر فلمیں بنانے کے حوالے سے مشہور ہیں تاہم ان کی ہر فلم کسی نہ کسی تنازع میں ضرور گھِر جاتی ہے۔ حال ہی میں سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم پدماوتی کا پوسٹر جاری ہوا جس میں فلم کی ہیروئن دپیکا پڈوکون کو رانی پدماوتی کے روپ میں دکھایا گیا ہے تاہم بھارتی شہری اس کردار کے لیے دپیکا پڈوکون کو منتخب کرنے پر ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے رانی پدماوتی کافی خوبصورت اور ان کی رنگت گوری تھی جبکہ دپیکا سانولی رنگت کی حامل ہیں لہذا وہ اس کردار کے لیے درست انتخاب نہیں۔

فلم یکم دسمبر کو ریلیز کی جائے گی اور اس میں دپیکا کے ساتھ رنویر سنگھ بھی نظر آئیں گے جو علاالدین خلجی کا کردار ادا کریں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی شہریوں نے دپیکا کو کاسٹ کرنے پر فلمساز پر خوب تنقید کی۔ ٹوئٹر پر ہونے والی تنقید میں لوگوں نے کہا کہ انہیں شک ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی تاریخ کو مسخ کر کے پیش کریں گے۔

ٹوئٹر پر بعض لوگوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ اس فلم کے لیے دپیکا کے بجائے گوری رنگت کی حامل کسی ہیروئن کو کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا جیسا کہ کترینہ کیف یا ایشوریہ رائے۔ ایک صارف نے تو فلم کے پوسٹر میں فوٹو شاپ کے ذریعے دپیکا کی جگہ کترینہ کیف کی تصویر لگا دی۔ فلم کے پوسٹر میں دپیکا کو جس روپ میں دکھایا گیا ہے وہ 13 ویں صدی کی رانی پدماوتی کی متعدد پینٹنگز سے مشابہہ ہے جنہیں محفوظ رکھا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں