سابق وزیراعظم نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہو نگے ، مشاورت مکمل کر لی گئی

سابق وزیراعظم نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہو نگے ، مشاورت مکمل کر لی گئی

اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف نے کل احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ۔ احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ  پارٹی رہنماؤں اور آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا ۔  مشاورت میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، زاہدحامد، سعدرفیق، پرویز رشید، چوہدری نثار، سردار مہتاب عباسی، عبدالقادر بلوچ، سیف الرحمان، آصف کرمانی، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر آئینی و قانونی ماہرین بھی شریک ہوئے۔

مشاورتی اجلاس میں نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق حکمت عملی بھی طے کرلی گئی ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما نوازشریف کے ساتھ احتساب عدالت جائیں گے، کارکنوں کو احتساب عدالت نہ بلایا جائے گا اور نہ ہی روکا جائےگا۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کہ احتساب عدالت میں کوئی بے انتظامی نہیں ہونی چاہیے۔

اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی کل احتساب عدالت میں پیشی پر انہیں فول پروف سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اسپیشل برانچ اور رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی ڈیوٹی دیں گے، احتساب عدالت کے اندر رینجرز اور ایلیٹ فورس کادستہ تعینات کیا جائےگا اور دوران سماعت میڈیا کو احاطہ عدالت میں داخلےکی اجازت نہیں ہوگی۔