”بگ باس 11 “ کیلئے سلمان خان کا معاوضہ سامنے آگیا

”بگ باس 11 “ کیلئے سلمان خان کا معاوضہ سامنے آگیا

ممبئی: بھارتی ٹی وی پر نشر ہونے والے معروف ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس 11‘ شروع ہونے میں ابھی چند دن ہی باقی ہیں۔تاہم اس شو سے متعلق آئے روز حیران کن و دلچسپ خبریں اور انکشافات عوام کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں ، بالکل اسی طرح ایک اور حیران انکشاف سامنے آیا جو شو کے میزبان سلمان خان کے معاوضے سے متعلق ہے۔
بھارتی ویب سائٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان ’بگ باس 11‘ کی ایک قسط کے لیے 11 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیں گے، جو پاکستانی تقریبا ساڑھے 17 کروڑ بنتے ہیں۔یوں سلمان خان ہفتے میں 22 کروڑ بھارتی اور 35 کروڑ پاکستانی روپے بٹوریں گے۔رپورٹ کے مطابق اتنا معاوضہ لینے کے بعد سلمان خان ٹی وی پر سب سے ذیادہ معاوضہ کمانی والی بالی وڈ شخصیت بھی بن جائیں گے۔اس سے قبل سلمان خان کو اسی شو کی میزبانی کے لیے ایک قسط کا معاوضہ 8 کروڑ بھارتی روپے دیا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ ’بگ باس 11‘ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا، بگ باس بھارت کے علاوہ پاکستان، خلیجی ممالک، امریکا و یورپ میں بھی یکساں مقبول ہے۔دوسری جانب ’بگ باس 11‘ میں میزبانی کرنے والے سلمان خان کے معاوضے کے لیے کافی عرصے سے چہ مگوئیاں جاری تھیں، تاہم اب ان کی جانب سے لیے جانے والے معاوضے کی تصدیق بھی ہوگئی۔