منی لانڈرنگ پر کارروائی صرف ٹھوس شواہد پر ہو گی، ساجد جاوید

منی لانڈرنگ پر کارروائی صرف ٹھوس شواہد پر ہو گی، ساجد جاوید
کیپشن: رواں ماہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قانون اور احتساب سے متعلق ایک معاہدہ طے پایا تھا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن: برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستانیوں کی منی لانڈرنگ اور کرپشن کیسوں میں صرف ٹھوس شواہد پر ہی کارروائی کرے گا۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مل کر کرپشن، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے خلاف کام کریں گے لیکن برطانوی نظام انصاف میں بنیادی حیثیت ٹھوس شواہد کو ہی دی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کی سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ ہمیں صرف شواہد میں دلچسپی ہے۔ ساجد جاوید کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی حکومت وزیراعظم عمران خان کی حکومت سے مل کر کام کرے گی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قانون اور احتساب سے متعلق ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کا مقصد مختلف جرائم کے خاتمے کے لیے معاونت کرنا ہے۔

یہ معاہدہ برطانوی وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہوا تھا۔ ان سے وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر قانون فروغ نسیم نے ملاقات کی تھی۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد اکبر نے کہا کہ معاہدے کا مقصد لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ہے اور ملزمان کے تبادلے کے معاہدے کی تجدید کریں گے۔