اگر موقع ملا تو دوبارہ مفت میں ’منٹو‘ بنوں گا:نواز الدین صدیقی

اگر موقع ملا تو دوبارہ مفت میں ’منٹو‘ بنوں گا:نواز الدین صدیقی
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ممبئی:بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ موقع ملا تو دوبارہ منٹو بنوں گا اور پھر سے معاوضہ نہیں لوں گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی کا شمار بھارت کے شاندار فنکاروں میں کیا جاتا ہے جن کی حال ہی میں ریلیز فلم ’منٹو‘ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا بھی گیا۔فلم منٹو پاکستان کے سب سے بڑے افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر مبنی فلم ہے جس کی ہدایات نندیتا داس نے دی۔فلم میں نوازالدین صدیقی نے منٹو کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

فلم کی ریلیز رواں ماہ 21 تاریخ کو ہوئی، جسے تجزیہ کاروں کا شاندار ردعمل ملا، تاہم فلم کو باکس آفس پر اچھی کمائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔خیال رہے کہ نوازالدین صدیقی نے فلم میں کام کرنے کا کوئی معاوضہ بھی وصول نہیں کیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر موقع ملے تو وہ دوبارہ فلم منٹو میں کام کرنا چاہیں گے جس کیلئے وہ دوبارہ بھی پیسے وصول نہیں کریں گے۔نوازالدین صدیقی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ اگر موقع ملے تو میں دوبارہ منٹو کرنا چاہوں گا، اور اس بار بھی مفت میں ہی اس فلم کا حصہ بنوں گا۔

انہوں نے لکھا کہ میں اس فلم کو بنانے کیلئے خود اپنی جیب سے پیسے دینے کو تیار ہوں، کیوں کہ مجھے آج احساس ہوا کہ ہے منٹو ہم سے بہت آگے ہیں۔