انتخابی اخراجات کا معاملہ، وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری

انتخابی اخراجات کا معاملہ، وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری
کیپشن: الیکشن کمیشن نے اراکین اسمبلی سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وزیراعظم سمیت دیگر 100 سے زائد ارکان کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ نوٹس انتخابی اخراجات میں مبینہ طور پر قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 96، صوبائی اسمبلیوں کے 46 ارکان کو نوٹسز جاری کئے گئے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اراکین اسمبلی سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی اخراجات کی دستاویزات میں مطابقت نہیں پائی جاتی۔ ارکان اسمبلی نے تشہیری مہم کے دوران قانونی تقاضے پورے نہیں کئے اور تشہیری مہم کیلئے پرنٹرز کا نام و رابطہ نمبر لکھا ہونا ضروری ہوتا ہے اور جمع کرائی گئی رسیدوں کی بینک اسٹیٹمنٹ کے ساتھ مطابقت ہونا بھی ضروری ہے۔