حکومت نے 2سے 4مرلے کے گھر دینے کا فیصلہ کر لیا،قیمت 8 سے 12 لاکھ روپے

حکومت نے 2سے 4مرلے کے گھر دینے کا فیصلہ کر لیا،قیمت 8 سے 12 لاکھ روپے
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:تحریک انصاف کی حکومت نے بے گھر افراد کیلئے بڑی خوشخبری دیدی ہے اور انصاف ہومز کے نام سے انتہائی کم قیمت پرعام شہریوں کو گھر فراہم کرنے کا منصوبہ بنا لیا، اگلے دو ماہ میں شروع ہونے کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے بے گھر افراد کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے ا نصاف ہومز کے نام سے انتہائی کم قیمت 2سے 4مرلے کے گھر فراہم کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے جو کہ اگلے دو ماہ میں شروع بھی ہونے کا امکان ہے۔ ان گھروں کی قیمت 8سے 12لاکھ روپے ہو گی جو کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف علاقوں میں بنائے جائیں گے۔

ابتدائی طور پر 25لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔ انصاف ہومز کے مجوزہ منصوبے کے تحت بے گھر افراد کے لیے 2 سے 4 مرلے کے گھر اور فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے،وزیراعظم کا پیش کردہ یہ منصوبہ 3 کیٹگریز پر مشتمل ہو گا۔ پہلی کیٹگری انتہائی غریب مزدور پیشہ لوگوں کے لیے، دوسری کیٹگری لوئر مڈل کلاس جبکہ تیسری کیٹگری مڈل کلاس فیملیز کے لیے ہو گی،غریب طبقے کو فلیٹس جبکہ لوئر مڈل کلاس اور مڈل کلاس کو تین سے چار مرلے کے گھر دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے،انصاف ہومز کے تحت بے گھر افراد کو 8 سے 12 لاکھ روپے میں فلیٹس دیے جانے کا فیصلہ گیا ہے۔

یہ گھر لوگوں کو 10 سے 25 فیصد ڈاﺅن پیمنٹ پر دیے جائیں گے،وزیراعظم عمران خان نے وحدت روڈ اور چوبرجی فلیٹس کے رہائشیوں کو متبادل جگہ دے کر وہاں ڈبل، ٹرپل سٹوری فلیٹس بنانے کی تجویز پیش کی۔ان فلیٹس کی تعمیر کے لیے ہانگ کانگ، سنگاپور اور تھائی لینڈ ماڈلز مدنظر رکھے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تین روز قبل لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں پر انہوں نے پنجاب کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فوری طور پر عوامی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو سہولیات دینے کیلئے وزرا کو ہدایات جاری کی تھیں۔