وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،نیکٹا کے بطور ادارہ کردار اور کام سے متعلق جائزہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،نیکٹا کے بطور ادارہ کردار اور کام سے متعلق جائزہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ
کیپشن: تصویر بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے پہلے اجلاس کے دوران نیکٹا کے بطور ادارہ کردار اور کام سے متعلق جائزہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں نیکٹا اجلاس کے دوران چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزراءاور عسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا ایک اجلاس بھی نہیں بلایا اور اسے نظر انداز کرنے کے سبب نیکٹا کارکردگی بہتر بنانے پر فوکس نہ کرسکا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات تقاضہ کرتے ہیں کہ نیکٹا انتہائی فعال انداز میں اپنا کردار ادا کرے، ملک کو طویل عرصے سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے چیبلنجز کا سامنا ہے۔


وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے لڑتے ہوئے سیکیورٹی اداروں اور شہریوں نے اپنی جانوں کی بڑی قربانی دی، مسلح افواج، پولیس، انٹیلی جنس اداروں اور شہیروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران نیکٹا کے بطور ادارہ کردار اور کام سے متعلق جائزہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں تمام حکومتوں ، سول، انٹیلی جنس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر حکام ہوں گے جب کہ کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی تفصیلی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔