وزیراعظم نے نیکٹا کو مزید بہتر بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

وزیراعظم نے نیکٹا کو مزید بہتر بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے دہشتگردی کیخلاف جنگ بڑا چیلنج ہے، کامیابی حاصل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیکٹا کےبورڈآف گورنرزکا اجلاس ہوا جس میں  ملکی سیکیورٹی صورتحال پر حکام نے بریفنگ دی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو موجودہ وقت میں کئی اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں، انٹیلی جنس اداروں میں مؤثر رابطوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں انٹیلی جنس اداروں کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں، سکیورٹی اداروں کی بدولت ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا اس سے پہلے نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کبھی نہیں ہوا، گزشتہ حکومت کی عدم توجہی کے باعث نیکٹاغیر فعال رہا، نیکٹا کو موثر ادارہ بنانے کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ بڑاچیلنج ہے، انٹیلی جنس اداروں نے انسداد دہشت گردی میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ عمران خان نے نیکٹا کو مزید فعال بنانے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی جوایک ہفتے میں اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس  میں وزرائے اعلیٰ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر دفاع، وزیر خزانہ و داخلہ اور نیکٹا کے کوآرڈینیٹر نے شرکت کی۔