بجلی کے نرخ بڑھانے کی تجویز پر عمل ایک ہفتے کیلئے موخر

بجلی کے نرخ بڑھانے کی تجویز پر عمل ایک ہفتے کیلئے موخر
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد:مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو عارضی ریلیف مل گیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کے نرخ بڑھانے کی تجویز پر عمل ایک ہفتے کیلئے موخر کر دیا، پیر کو آئندہ بیٹھک میں غور کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیرخزانہ اسدعمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، وزیرتوانائی عمرایوب نے تفصیلی بریفنگ دی. کمیٹی کی جانب سے نیپرا اور پاور ڈویژن کو  آئندہ پانچ سال کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایات جاری کی گئیں.

ساتھ ہی بلز کی 100 فی صد وصولی یقینی بنانے اور ترسیل وتقسیم کے نقصانات کم سے کم کرنے کی ہدایت کی ہے.اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مشاورت کے بعد آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا. واضح رہے کہ نیپرا نے 3 روپے75 پیسےفی یونٹ اضافے کی تجویزدی تھی.

ذرائع کے مطابق 50 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ 2 روپے سے بڑھا کر 4 سے 6 روپے، 100 یونٹ پر ریٹ 5.79 روپے سے بڑھا کر 7 سے 9 روپے، 200 یونٹ استعمال پر 8.11 روپے سے بڑھا کر 10 سے 12 روپے کرنے کی تجویز ہے۔

وزارت خزانہ نے تجویز کیا کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 10.20 روپے سے بڑھا کر 12 سے 14 روپے، 700 یونٹ کے استعمال پر 15.54 روپے سے بڑھا کر 17 سے 19 روپے جبکہ اس سے زائد یونٹ پر نرخ 17.27 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 19 سے 21 روپے کیے جائیں۔ قیمتیں بڑھنے سے صارفین پر 400 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وفاقی حکومت کو گیس کی قیمتوں میں‌اضافے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا.انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافےکوفوری واپس لیاجائے.